ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگال انتخابات: نندی گرام میں تشدد کے واقعات پر الیکشن کمیشن نے رپورٹ طلب کی

بنگال انتخابات: نندی گرام میں تشدد کے واقعات پر الیکشن کمیشن نے رپورٹ طلب کی

Thu, 01 Apr 2021 20:39:33    S.O. News Service

کولکاتا،یکم اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) نندی گرام کے بوئل علاقے میں ہونے والے تشدد کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ خیال رہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے نندی گرام میں جن بوتھوں کا دورہ کیا تھا، بوئل کا بوتھ میں ان میں شامل ہے۔

ممتا بنرجی کے خلاف بی جے پی کی طرف سے سویندو ادھیکاری میدان میں ہیں۔ ممتا بنرجی جیسے ہی بوئل بوتھ پر پہنچیں وہاں بی جے پی حامیوں نے جے شری رام کے نعرے لگانے شروع کر دئے۔ ممتا بنرجی کے دورے کے بعد وہاں پر تشدد کے واقعات پیش آئے۔ مرکزی فورسیز نے امن قائم کرنے کی بھر پور کوشش کی۔

ڈپٹی الیکشن کمشنر سدیپ جین نے بوئل کے علاقے میں پولنگ بوتھ کے باہر ہونے والے واقعہ اور اس سے قبل کیش پور کے علاقے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے۔ جمعرات کی صبح مغربی مدنی پور کے علاقے کیش پور میں ترنمول کانگریس کے ایک کارکن کو مبینہ طور پر چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ جمعرات کے روز انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مغربی بنگال کی 30 سیٹوں پر پولنگ ہوئی۔ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر غیر فعال ہونے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن بی جے پی اور امت شاہ کے اشارے پر کام کر رہا ہے۔


Share: